جی ڈی اے رہنما خدا بخش درس کے قاتلوں کی گرفتاری میں ناکامی کیخلاف حر نوجوان ایکشن کمیٹی کا سندھ بھر کے پریس کلبز کے سامنے احتجاج

جی ڈی اے رہنما خدا بخش درس کے قاتلوں کی گرفتاری میں ناکامی کیخلاف حر نوجوان ایکشن کمیٹی کا سندھ بھر کے پریس کلبز کے سامنے احتجاج

حر نوجوان ایکشن کمیٹی سندھ کی جانب سےجی ڈی اے کے رہنما اور تحصیل کھپرو کے سابق ناظم خدا بخش درس اورعبدالخالق درس کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے احتجاجی تحریک شروع کردی گئی۔

ابتدائی مرحلے میں سندھ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرکے دھرنے دیے گئے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حر نوجوان ایکشن کمیٹی سندھ کی کال پر کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ، اسلام کوٹ، چھاچھڑو، عمر کوٹ، مٹھی، ڈہرکی، ٹنڈو الہیار سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں و دیہاتوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن میں حر جماعت سمیت مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی تنظیموں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت و پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر حکومتی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں، لوگوں کا ناحق خون بہایا جارہا ہے۔ لوٹ مار، چوری، ڈکیتی، قتل، اغوا کی وارداتیں معمول بنی ہوئی ہیں۔ سندھ کے عوام ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں اور متعلقہ محکموں کے افسران دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مظاہرین کا الزام تھا کہ ایس ایس پی سانگھڑ مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے سے گریزاں ہیں،ہم ایس ایس پی سانگھڑ پر عدم اعتماد کرتے ہیں۔قتل کے دس دن گزرنے کے باوجود بھی مرکزی ملزم گرفتار نہیں کئے گئے۔ فنکشنل لیگ اور حر جماعت سندھ کے کارکنوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حاجی خدا بخش اور عبدالخالق درس کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے پرامن احتجاجی تحریک شروع کی ہے۔ حکومت سندھ اوروزارت ِداخلہ سے اپیل کرتے ہیں کہ نوٹس لیکر قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے ،بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *