ملک بھر میں عاشورہ کی مناسبت سے جلوس روایتی راستوں پر نکالے جا رہے ہیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی، جبکہ لاہور میں میٹرو بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں جن میں ڈرون اور سیف سٹی کیمرے کی نگرانی بھی شامل ہے۔ جلوس کے راستے کو خاردار تاروں اور کنٹینرز سے سیل کر دیا گیا ہے اور چھتوں پر سنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس علاقے میں نجی ڈرونز کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوزوکی موٹر سائیکل خریدنے کے خواشمند افراد کیلئے بڑی آفر لگا دی گئی
لاہور میں صبح 8 بجے سے صبح 10 بجے تک جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔ پنجاب حکومت نے تصدیق کی ہے کہ موبائل فون سروس مکمل طور پر بند نہیں کی جائے گی۔کراچی میں آج اور کل ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔کوئٹہ میں موبائل فون سروس مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے، شہر بھر میں جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کئے ہیں اور مختلف شہروں میں نگرانی اور سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب شہر لاہور میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے باعث میٹروبس سروس کو بند کر دیا گیا ہے۔ جی ایم ماس ٹرانزٹ سروس نے بتایا کہ میٹروبس سروس کل بھی محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی وجہ سے مکمل طور پر بند رہے گی۔