بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مجموعی صحت اور طبی معائنے کے لیے تشکیل دیے گئے 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے اپنی جامع رپورٹ مکمل کرکے حکام کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے عمران خان کے تفصیلی طبی معائنے، گزشتہ میڈیکل ہسٹری، کلینیکل ٹیسٹس اور ڈاکٹروں کی سفارشات کی روشنی میں انہیں مجموعی طور پر پہلے سے بہتر اور طبی طور پر فٹ قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں عمران خان کے سابقہ طبی معائنوں کا بھی تفصیلی جائزہ شامل کیا گیا ہے جبکہ حالیہ کلینیکل ٹیسٹس، جسمانی حالت، بینائی اور دیگر طبی پہلوؤں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے ضروری ہدایات بھی رپورٹ کا حصہ بنائی ہیں۔
میڈیکل بورڈ کی جانب سے مرتب کی گئی یہ رپورٹ چیف کمشنر کے ذریعے اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مکمل صورتحال سرکاری ریکارڈ کا حصہ بن سکے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق عمران خان کی آنکھ کے پروسیجر کا چوتھا مرحلہ بھی پمز اسپتال میں کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جہاں آپریشن تھیٹر میں انہیں چوتھا انجکشن لگایا گیا۔ اس مقصد کے لیے بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات پمز منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی نے پروسیجر انجام دیا۔ ڈاکٹروں نے عمران خان کی بینائی کو پہلے سے بہتر قرار دیتے ہوئے فٹنس رپورٹ بھی تیار کر لی ہے، جو اڈیالہ جیل حکام کو ارسال کی جائے گی۔