صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے )نے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 13 افراد جانبحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 2 مرد 4 خواتین اور 7 بچے جبکہ زخمیوں میں 1 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 16 گھروں کو نقصان پہنچاجس میں 15 گھروں کو جزوی اور 1 گھرمکمل تباہ ہو گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کا پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل، 11 افراد جاں بحق
تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، سوات اور صوابی میں واقعات رپورٹ ہو ئے ہیں ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع کوہاٹ میں تیز بارش کے باعث پانی گھر کے تاخانے میں جمع ہونے سے ایک ہی خاندان کے دس افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث چترال لوئر میں بونی اور گرم چشمہ روڈ جبکہ سوات میں کالام سے بحرین اور ناران سے بالاکوٹ روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری موجود ہے اور ٹریفک کے لئے متبادل راستوں کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات کی گئی ہے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔