وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دفاع وطن پر مامور افواج پاکستان کے جوانوں کے ساتھ عید منائی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ معرکۂ حق بنیان مرصوص میں پاک افواج کی تاریخی فتح کو دشمن کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے کیونکہ پاک فوج کی شبانہ روز قربانیوں کی بدولت عوام امن اور سکون کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ افواج پاکستان کے جذبے، بہادری اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پاک فوج کے جوانوں کا جذبہ، ہمت اور حوصلہ قائم ہے تب تک ملک کا دفاع ناقابل تسخیر رہے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تکمیل پاکستان کی تحریک ہے اور یہ جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔