چہلم امام حسین علیہ السلام کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے فوج اور رینجرز کی37 کمپنیز کی خدمات طلب کر لی ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 15 اضلاع کیلئے فوج اور رینجرز کی 37 کمپنیز کی خدمات پنجاب پولیس کی درخواست کےمطابق سکیوریٹی میں معاونت کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر قانون نافذ کرنے والے ادارے چہلم امام حسین علیہ السلام کے پر امن انعقاد کیلئے خدمات سر انجام دیں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مختلف اضلاع میں فوج کی 14 اور رینجرز کی 23 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا ہے اور پنجاب کے 15 مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق 17 سے 27 صفر کے دوران خدمات طلب کی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے نئے سربراہ کا نام سامنے آگیا
فوج اور رینجرز کے دستوں کو راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب اور بھکر میں تعینات کیا جائے گا جبکہ دستوں کی تعیناتی ملتان، جھنگ، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، لیہ اور بہاولپور میں بھی کی جائے گی ۔

