پنجاب کی جانب سے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف نہیں ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا گیا اور محفوظ اور غیر محفوظ دونوں صارفین اس کیٹیگری میں شامل ہیں۔ ماہانہ 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سولر پینل مزید سستے ہو گئے
ذرائع نے بتایا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں پر ہوگا۔ بجلی کے بلوں پر ریلیف سے متعلق پنجاب کی درخواست نیپرا کو ارسال کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی صوبہ اپنے بجٹ سے صارفین کو ریلیف دے سکتا ہے اور پنجاب کا بجلی پر ریلیف نیپرا کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 14 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کا بوجھ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔