کالعدم ایکشن کمیٹی کا دبائو مسترد،تراڑکھل کے تاجروں کا کل سے تمام بازار کھولنے کا اعلان

کالعدم ایکشن کمیٹی کا دبائو مسترد،تراڑکھل کے تاجروں کا کل سے تمام بازار کھولنے کا اعلان

تراڑکھل کی تاجر برادری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل (پیر) سے شہر بھر میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

تاجر اتحاد کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کی مسلسل بندش سے تاجروں اور عام شہریوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بازار معمول کے مطابق کھولے جائیں گے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے تاجر برادری سے ملاقاتیں اور ان پر دبائو ڈالنے کی بھر پور کوشش کی تاہم تراڑ کھل کے غیور تاجروں نے اپنا مؤقف تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ طے شدہ فیصلے کے مطابق کل سے تمام کاروبار کھول دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت کا کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ کسی بھی سمجھوتے سے صاف انکار

تاجر نمائندوں کا کہنا ہے کہ کاروبار کی مسلسل بندش نہ صرف تاجروں بلکہ دیہاڑی دار طبقے، مزدوروں اور عام شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن رہی ہے، اس لیے معمولاتِ زندگی کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تاجروں کے اس فیصلے کے بعد علاقے کی مجموعی صورتحال میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جبکہ کل پیر کے روز بازاروں کے کھلنے کے بعد زمینی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

گزشتہ روز میر پور کے تاجروں نے بھی ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا تھا،پریس کانفرنس کے دوران تاجروں نے کہا تھا کہ وہ کاروباری طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور خطے کے امن، استحکام اور عوامی مفاد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں ان کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں قومی مفادات کے خلاف ہیں اور یہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی ابتدا میں عوامی مسائل اور حقوق کی بات کر رہی تھی، تاہم اب یہ اپنے اصل مقصد سے مکمل طور پر ہٹ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :میرپور کے تاجروں کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان، پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

میرپور کے تاجر رہنماؤں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودہ پالیسیوں اور تمام سرگرمیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس سے اپنی مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں،انہوں نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی شناخت ہے اور افواجِ پاکستان ان کے تحفظ اور ملکی سلامتی کی حقیقی ضامن ہیں۔

میرپور کے تاجروں نے کالعدم تنظیم کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرپور کے تمام بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں اور تمام کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ انہوں نے عوام اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ کسی بھی شرپسندی یا منفی پروپیگنڈے کو خطے کے امن اور روزگار پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

editor

Related Articles