امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ دونوں نے حال ہی میں ٹریبیکا فیسٹیول میں پہلی بار بطور جوڑے ریڈ کارپٹ پر شرکت کی، جہاں ان کی دلکش تصاویر اور ایک دوسرے کے لیے محبت بھرے جذبات نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
8 جون 2026 کو نیویارک میں منعقدہ تقریب میں کیٹی پیری اپنی کنسرٹ فلم دی لائف ٹائم ٹورلائو کے پریمیئر میں شریک ہوئیں، جبکہ جسٹن ٹروڈو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں نے ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ پوز دیے اور خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کیٹی پیری نے اپنی ذاتی زندگی اور جسٹن ٹروڈو کے ساتھ تعلق پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ محبت نے انہیں زندگی کے کئی پہلوؤں میں زیادہ متوازن اور پُرسکون بنا دیا ہے۔
کیٹی پیری کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں پہلے سے کہیں زیادہ محبت محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ جسٹن ٹروڈو ان کی زندگی میں ایک مضبوط سہارا بن کر آئے ہیں، جس کی وجہ سے وہ خود کو مکمل اور مطمئن محسوس کرتی ہیں۔
گلوکارہ نے کہا، ’’میں اپنی زندگی کے کئی شعبوں میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور متوازن محسوس کرتی ہوں۔ میں بہت محبت میں ہوں اور اب مجھے ایسا لگتا ہے کہ میری زندگی میں ایک ایسا شخص موجود ہے جو مجھے سنبھالے رکھتا ہے۔‘‘
دوسری جانب جسٹن ٹروڈو نے بھی ٹریبیکا فیسٹیول میں شرکت کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریب کی تصاویر شیئر کیں۔ تصاویر میں دونوں ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھتے اور خوشگوار لمحات سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔
تصاویر کے ساتھ جسٹن ٹروڈو نے کیٹی پیری کے لیے محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’یہ ایک یادگار رات تھی۔ اسکرین پر بھی زبردست توانائی تھی اور حاضرین میں بھی۔ کیٹی، تمہارے ساتھ ہونا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔‘‘
جوڑے کی یہ تصاویر اور بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جبکہ مداح ان کے تعلق کو خوب سراہ رہے ہیں۔