پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں مگر اس بار وجہ ان کی کامیابیاں نہیں بلکہ ان کے کیریئر میں آنے والی مشکلات اور متنازع بیانات ہیں۔
معروف مصنف ناصر ادیب نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے معمر رانا کے زوال پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہرت کو سنبھالنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی اور بعض اوقات یہی شہرت انسان کے لیے مشکلات کا سبب بن جاتی ہے۔
ناصر ادیب نے مزید ایک چونکا دینے والا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں معمر رانا کی اہلیہ مہنازمعمرمبینہ طور پر ان کے لیے سیٹ پر گاڑی میں شراب تیار کر کے بھجوایا کرتی تھیں جس کا اثر بعد میں ان کی عادات پر پڑا۔
ماضی میں بلاک بسٹر فلم چوڑیاں کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معمر رانا نے 90 کی دہائی کے آخر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور طویل عرصے تک انڈسٹری پر راج کیا۔ تاہم سینما کے زوال کے ساتھ ہی ان کے کیریئر میں بھی اتار چڑھاؤ آیا اور حالیہ برسوں میں ان کی کچھ غیر معمولی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جنہوں نے ان کے امیج کو متاثر کیا۔
یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں صارفین اس دعوے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ افراد اسے ذاتی معاملہ قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر اس پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ معمر رانا اس وقت اپنے کیریئر کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں، تاہم ان کے مداح اب بھی ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔