سرکاری نرخ نظر انداز، پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

سرکاری نرخ نظر انداز، پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانداروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو صارفین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، مارکیٹ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس سرکاری قیمت کے برعکس صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دکاندار ایل پی جی 480 روپے سے لے کر 500 روپے فی کلو تک کی ہوشربا قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔

مارکیٹ میں سرکاری نرخنامے کی کھلی خلاف ورزی عروج پر ہے اور ایل پی جی مافیا انتظامیہ کی ناک کے نیچے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں :لیسکو میں معاہدے کے برعکس سولر صارفین کے کنکشنز کی بلنگ، ریکارڈ طلب

مارکیٹ ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گیس مافیا اور دکانداروں کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنی مرضی سے روزانہ قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک کا خودساختہ اضافہ کر دیتے ہیں، گیس کی قیمتوں میں اس من مانے اور غیر قانونی اضافے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید ترین معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں اور صارفین نے کہا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے اور دوسری طرف ایل پی جی مافیا نے لوٹ مار مچا رکھی ہے، سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ پبلک کو دکانداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔

عوام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان منافع خوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کیا جائے اور سرکاری قیمت پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

editor

Related Articles