مشہور ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 186 اور 189 کے تحت درج کیا گیا ہے، جن میں غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، سرکاری امور میں مداخلت اور سرکاری ملازمین کو دھمکانے کی دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق اپلائیڈ فار لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی کو ون وے پر بھگا دیا۔ بعد ازاں ڈرائیور نے رایا کلب کے قریب جا کر گاڑی ون وے کے خلاف چلانا شروع کر دی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ جب سرکاری گاڑی کو ان کی گاڑی کے ساتھ لا کر دوبارہ رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے اپنی گاڑی سے سائیڈ مار کر پولیس اہلکاروں کو حادثے کا شکار کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق جب انہیں روک کر تھانے چلنے کا کہا گیا تو انہوں نے اہلکاروں کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
ادھر پولیس نے بتایا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران جعلی، بوگس اور غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے واقعات پر متعدد مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں، اپلائیڈ فار گاڑیوں اور غیر قانونی سبز نمبر پلیٹس کے استعمال کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
ٹریفک حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔