راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری دونوں دھرنے پرامن طریقے سے اور مزید جانی نقصان کے بغیر ختم کر دیے گئے ہیں۔ سینئر صحافیوں خواجہ کاشف میر اور ریاض شاہد نے تصدیق کر دی ۔
اطلاعات کے مطابق راولاکوٹ میں رات گئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام دو مقامات پر جاری دھرنے جو دُریک اور گوئی نالہ روڈ پر دیے گئے تھے اچانک اور بغیر کسی باضابطہ اعلان کے ختم کر دیے گئے۔ اس پیش رفت کی تصدیق راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ریاض شاہد نے بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ کارکنوں کو حکمت عملی کے تحت آگے پیچھے کیا گیا ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ زمینی صورتحال کے مطابق دھرنے فی الحال ختم ہو چکے ہیں جبکہ حکمت عملی کے حوالے سے وہ کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل میرپور، ڈڈیال، کوٹلی، بھمبر اور پلندری سے مظفرآباد کی جانب روانہ ہونے والے قافلے رات کے وقت راولاکوٹ شہر سے قبل ہی رک گئے تھے، جہاں مختلف مقامات پر اجتماعات بھی ہوئے اور رہنماؤں کی جانب سے خطابات کیے گئے تھے۔ سینئر صحافی ریاض شاہد نے اس موقع پر بھی رپورٹ کیا تھا کہ لانگ مارچ کے شرکاء فی الحال راولاکوٹ شہر میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ عارضی طور پر وہاں پڑاؤ ڈالا جائے گا۔
ادھر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات اور فورسز کی جانب سے ممکنہ آپریشن کے پیش نظر شرکاء کو مختلف مقامات پہ پھیل جانے کی ہدایت کی گئی جس کے وجہ سے گراؤنڈ خالی ہو گیاہے، عوام مختلف ایریا میں پھیل گئے ہیں اور ریسٹ کر رہے ہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کا دعویٰ ہے کہ مارچ ختم نہیں ہوا بلکہ حکمت عملی سے لوگوں کو کسی بھی خطرے یا تشدد سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے صبح اگلے لائحہ عمل کا اعلان اسی گراؤنڈ میں کیا جائی گا احباب پروپیگنڈوں پہ دھیان نہ دیں۔ہم پوری طاقت سے لڑیں گے فتح سچ کی ہوگی عوام کی ہو گی۔