جاپان کے علاقے فوکوشیما میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں چار افراد کو زخمی کرنے والا ریچھ پکڑے جانے کے باوجود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق منگل کے روز یہ ریچھ دو فیکٹریوں کے قریب اچانک نمودار ہوا اور چار افراد پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد ریچھ قریبی ایک عمارت میں داخل ہو کر چھپ گیا۔
حکام نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریچھ کو پکڑنے کے لیے شکاریوں، جالوں اور بے ہوش کرنے والی ادویات کا استعمال کیا گیا، تاہم تمام کوششوں کے باوجود جانور کو قابو نہ کیا جا سکا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ریچھ بعد میں بھی پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو چکمہ دے کر عمارت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا۔
فوکوشیما کے میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ریچھ نے عمارت سے نکلنے کے لیے ممکنہ طور پر خود ہی کھڑکی کھولی اور فرار کے راستے کا استعمال کیا۔ کچھ نشانات ایسے بھی ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس نے قریبی پانی کا نل بھی استعمال کیا ہو سکتا ہے۔
میئر نے ریچھ کی غیر معمولی ذہانت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل استعمال کیے گئے لیکن جانور کو پکڑنے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔دوسری جانب حکام نے علاقے میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے جبکہ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں گزشتہ سال بھی ریچھوں کے حملوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد جنگلی جانوروں کے خطرات پر بحث مزید بڑھ گئی ہے۔