وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت کچے کے علاقے میں تعینات اہلکاروں کے لیے خصوصی ہارڈ شپ الاؤنس کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے باضابطہ طور پر منظور کردہ الاؤنس کے تحت چوکیوں پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو 25 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں لیڈی پولیس کانسٹیبل کا قاتل بھی پولیس کانسٹیبل نکلا
انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز اس الاؤنس کے مستحق ہوں گے۔ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کے لیے 20 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کو 18 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ شپ الاؤنس ملے گا۔
رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں 943 افسران و اہلکار اس اقدام سے مستفید ہوں گے جبکہ راجن پور کے 414 پولیس افسران و اہلکار بھی ہارڈ ایریا الاؤنس کے فوائد حاصل کریں گے۔
کابینہ اجلاس میں مجموعی طور پر 33 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دی گئی، جو اس خصوصی الاؤنس کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔