سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام ایم این ایز کے ساتھ رابطے میں ہوں ، تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ ہیں ۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کسی احتجاج میں کوئی ایم این اے شرکت نہیں کرے گا اورہمارے تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ہیں۔ شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم اور آرٹیکل 63 والے معاملات جب تک کسی سمت نہیں بیٹھتے تب تک ممبران قومی اسمبلی انڈر گراؤنڈ رہیں گے، شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ڈی چوک احتجاج سے متعلق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو زمہ داری دی ہے، وہی اس احتجاج کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ فیصل آباد ، میانوالی میں بڑا احتجاج ہونے جارہا ہے، ملتان میں کرکٹ میچ کی وجہ سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاج ملتوی کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس میں بلایا گیا تو ملکی مفاد میں ضرور شرکت کریں گے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے بھی قومی مفاد میں اے پی سی میں شرکت کرنے کی ہدایت کی تھی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ہٹانے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں، پارٹی کے اندر سے جنہوں نے یہ بات پھیلائی ان کا تعین کرلیا گیا ہے اور انہیں محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔