گزشتہ سال حسن رحیم نے اپنی پسند کی ساتھی کے ساتھ شادی کی تھی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھیں۔
حسن رحیم کا تعلق گلگت سے ہے اور انہوں نے اپنی شادی کی تقریبات کو روایتی گلگتی انداز میں منایا، جس نے مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ شادی کی ویڈیوز میں انہیں رقص کرتے اور خوشیاں مناتے دیکھا گیا، جبکہ ان کے سادہ اور ثقافتی انداز نے لوگوں کو خوب متاثر کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حسن رحیم کی شادی کے بعد ایسے لوگ بھی انہیں جاننے لگے جو پہلے ان کی موسیقی سے واقف نہیں تھے۔حال ہی میں بین الاقومی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں حسن رحیم نے اپنی وائرل شادی اور اس کے بعد ملنے والی شہرت سے متعلق گفتگو کی۔
گلوکار نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ وائرل شادی کے بعد وہ اپنی اہلیہ سے مذاق کرتے تھے کہ انہیں شہرت حاصل کرنے میں کئی سال لگے، جبکہ ان کی اہلیہ ایک ہی دن میں مشہور ہو گئیں۔
حسن رحیم کے مطابق ان کی اہلیہ بھی لوگوں کی محبت اور مثبت ردعمل پر خوش اور شکر گزار تھیں۔ گلوکار نے مزید کہا کہ اب وہ ایسے مداحوں سے بھی ملتے ہیں جو انہیں ان کی شادی کے ذریعے جانتے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان نسل ان کی موسیقی سے واقف ہے جبکہ بڑی عمر کے افراد انہیں وائرل گلگتی شادی کی وجہ سے پہچانتے ہیں۔