پاکستان میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جو عالمی مارکیٹ میں ہونے والی گراوٹ کے زیرِ اثر سامنے آئی ہے۔ مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کی قیمت 2,900 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 90 ہزار 862 روپے تک آ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2,486 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 20 ہزار 835 روپے ہو گئی۔ یہ اعداد و شمار آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز جمعرات کو بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جب فی تولہ سونا 5,200 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 93 ہزار 762 روپے پر آ گیا تھا۔ اس طرح دو روز کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، جہاں فی اونس سونا 29 ڈالر سستا ہو کر 4,685 ڈالر (20 ڈالر پریمیم کے ساتھ) پر آ گیا۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں یہ کمی مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست اثر انداز ہوئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا جہاں فی تولہ چاندی 142 روپے کمی کے بعد 7,957 روپے کی سطح پر آ گئی۔
عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں مسلسل بدل رہی ہیں۔