تحریک انصاف کے سابق اسپیکر اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل

تحریک انصاف کے  سابق اسپیکر اسمبلی  پیپلز پارٹی میں شامل

پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک اور بڑی وکٹ گرا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ اور صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ نے انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور پارٹی مفلر پہنایا۔

واضح رہے کہ نذیر احمد ایڈووکیٹ جون 2023 سے گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی بھی اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

ساجد قریشی کا کہنا تھا کہ وہ احتجاجی سیاست، دھرنوں اور منفی بیانیے سے تنگ آ چکے ہیں اور ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو ریاستی مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قومی مفاد پر مبنی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس نے عدالت کے حکم پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا

گورنر پنجاب نے ساجد قریشی اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا اور پارٹی میں انہیں عزت و مقام دیا جائے گا۔

Related Articles