مفت بجلی کی سہولت سے متعلق ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

مفت بجلی کی سہولت سے متعلق ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 اور اس سے زائد درجے کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے ملازمین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا گیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روک دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق کیس کے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ آئندہ سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس دوران گریڈ 17 اور اس سے زائد ملازمین کے لیے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو سکے گا۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفت بجلی کی سہولت ملازمین کی سروس شرائط کا حصہ ہے اور حکومت کسی بھی قانونی طریقہ کار کے بغیر یہ سہولت ختم نہیں کر سکتی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملازمین نے اپنی ملازمت انہی شرائط کے تحت اختیار کی تھی، اس لیے اس سہولت کا خاتمہ ان کے حقوق کو متاثر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے بجلی صارفین پر اضافی بوجھ ڈال دیا گیا، بجلی مہنگی کردی گئی

درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ حکومتی فیصلہ آئین کے مختلف آرٹیکلز سے متصادم ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام شہریوں کے مساوی حقوق، جائیداد کے تحفظ اور قانونی تحفظ سے متعلق آئینی ضمانتوں کے خلاف ہے۔

عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابق نگراں حکومت کے دور میں ختم کی گئی تھی۔ درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ نگراں حکومت کے پاس ایسے طویل المدتی اور پالیسی نوعیت کے فیصلے کرنے کا مکمل اختیار نہیں تھا۔

سماعت کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ ٹیسکو ایک خودمختار کارپوریٹ ادارہ ہے اور اس کے ملازمین کی مراعات اور سروس شرائط مخصوص قواعد و ضوابط کے تحت طے کی جاتی ہیں، لہٰذا حکومتی نوٹیفکیشن کمپنی کے موجودہ نظام اور طریقہ کار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے بجلی صارفین پر اضافی بوجھ ڈال دیا گیا، بجلی مہنگی کردی گئی

Related Articles