سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب میں 9 اور 10 محرم کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ سروسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کے تحت تین شہروں میں میٹرو بس، الیکٹرک بسیں اور سپیڈو بس سروس بند رہیں گی۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں تمام متعلقہ بس سروسز دو روز کے لیے معطل رہیں گی، یہ اقدام محرم الحرام کے دوران ممکنہ سکیورٹی خطرات اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں ، محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور اہم مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور دس روزہ سکیورٹی پلان کے تحت ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
مجالس و جلوسوں کے روٹس اور مقررہ اوقات کی پابندی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جبکہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ڈولفن اسکواڈ، پیرو فورس، اینٹی رائٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں اور کنٹرول رومز کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے ، حساس مقامات پر اسنائپرز اور موبائل اسکواڈز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔