پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنے صارفین کے لیے اہم مشاورتی نوٹس جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کمپنی نے 24 جون 2026 سے اپنی تین مجاز ڈیلرشپس کے ساتھ تعلق ختم کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق متاثرہ ڈیلرشپس میں رحیم یار خان کے خان پور روڈ پر واقع سوزوکی حبیب موٹرز، خان پور بائی پاس روڈ پر قائم سوزوکی حبیب موٹرز (خان پور برانچ) اور علی پور میں مظفر گڑھ روڈ پر پولیس اسٹیشن کے قریب واقع سوزوکی حبیب علی پور موٹرز شامل ہیں۔
پاک سوزوکی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ ڈیلرشپس اب کمپنی کی مجاز نمائندہ نہیں رہیں اور انہیں سوزوکی گاڑیوں کی فروخت یا کمپنی کی جانب سے کسی قسم کی ادائیگی وصول کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ گاڑیوں کی بکنگ، ادائیگیوں یا بعد از فروخت خدمات (آفٹر سیلز سروسز) کے لیے ان سابق ڈیلرشپس سے رابطہ نہ کریں۔
پاک سوزوکی نے مزید کہا کہ صارفین کسی بھی قسم کی پریشانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے صرف کمپنی کے مجاز ڈیلرشپ نیٹ ورک سے ہی گاڑیوں کی خریداری اور متعلقہ خدمات حاصل کریں۔
کمپنی کے مطابق مجاز ڈیلرز کے ذریعے لین دین نہ صرف محفوظ ہے بلکہ صارفین کو اصل خدمات اور کمپنی کی مکمل معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔