فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے بڑا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی دارالحکومت میں زہریلی گیسوں کا اخراج روکنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، گاڑیوں، فیکٹریوں، بھٹوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج اور کوڑا اور فصلیں جلانے پر پابندی عائد ہو گئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے احکامات جاری کر دیئے گئے، احکامات کا اطلاق فی الفور آئندہ 2 ماہ تک کے لیے ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یا درہے کہ پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی ۔
دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں سے اپنے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی درخواست کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ تحفظ ماحول پنجاب لاہور میں اسموگ میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا، سیکرٹری تحفظ ماحول پنجاب راجہ جہانگیر انور کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانے سے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کا احتمال ہے۔