پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر وسطی اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے اور سفر سے گریز کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور باہر نکلتے وقت سر کو ٹوپی یا چھتری سے ڈھانپیں،بچوں اور بزرگوں کو شدید گرمی کے اوقات میں گھروں کے اندر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک کے خطرات سے بچا جا سکے۔
سفر کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ٹائروں کے پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح لازمی چیک کریں، پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر شہریوں کو پانی کے محتاط استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے،ہیٹ ویو سے متعلق معلومات یا ہنگامی مدد کے لیے شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔