لاہور ضلعی انتظامیہ فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کیلئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور اس حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پردکانیں او ریسٹورنٹس سیل کرنے میں ٹاسک فورس بہت متحرک ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ضلعی انتظامیہ فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے بہت اہم اور متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کروانے کے لئے ہر تحصیل کی سطح پر ٹاسک فورس ان ایکشن ہو چکی ہے۔ٹاسک فورس کے تحصیل سطح پر سموگ سے جڑی ہوئی پابندیاں نافذالعمل کروانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
شالیمار زون میں اے سی شالیمار ڈاکٹر انعم فاطمہ کی قیادت میں عملدرآمد کیلئے آپریشن کیا گیا اوراوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 10 دکانیں سیل کی گئی اور اس کیساتھ ساتھ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر آؤٹ ڈور ڈائیننگ کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل سیل کیا گیا ہے۔ اسی طرح داتا زون میں اے سی سٹی بابر علی رائے کی قیادت میں عملدرآمد کیا گیا اور آپریشن کے دوران 6 دکانوں کو خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ محمد یوسف کی قیادت میں ماڈل ٹاؤن زون میں 3 دکانوں پر خلاف ورزی پر ایکشن کیا گیا اورتینوں دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی شہریوں سے اسموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی استدعا بھی کی گئی اوراس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
اسموگ کے باعث سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اوربچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ سے محفوظ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔اسموگ کے دوران گھروں میں رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں. گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔