ایران نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے گزرنے سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

ایران نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے گزرنے سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز سے 28 بحری جہاز کامیابی کے ساتھ گزرے ہیں جسے خطے میں بحری سرگرمیوں کی بحالی اور سمندری راستوں پر معمولات کی واپسی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں میں تیل بردار ٹینکرز، کنٹینر شپ اور دیگر تجارتی کشتیاں شامل تھیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تمام بحری جہازوں کی نقل و حرکت پاسدارانِ انقلاب نیوی کی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کے تحت انجام پائی۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول مسلسل، مضبوط اور مکمل اختیار کے ساتھ برقرار ہے اور بحری راستے میں سکیورٹی، استحکام اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران خلیجی خطے میں کشیدگی، جنگ بندی مذاکرات اور سمندری راستوں کی سکیورٹی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت عالمی توانائی منڈیوں کے استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران معاہدے پر ٹرمپ کا ایک اور یوٹرن، نئی سخت شرائط تہران کو بھجوا دیں

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے روزانہ لاکھوں بیرل خام تیل اور دیگر تجارتی سامان دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس آبی راستے میں پیدا ہونے والی کسی بھی رکاوٹ یا کشیدگی کے اثرات فوری طور پر عالمی تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر مرتب ہوتے ہیں۔

 ایران کی جانب سے بحری آمدورفت کے اعداد و شمار جاری کرنے کا مقصد یہ تاثر دینا ہے کہ خطے میں تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور اہم عالمی گزرگاہ میں سکیورٹی صورتحال قابو میں ہے۔

editor

Related Articles