اسلام آباد: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی 24 نومبر سے ملک گیر احتجاج کی کال پراپنے ردعمل میں کہا ہے اس اعلان کے ساتھ اپنے نام نہاد آخری اور فیصلہ کن احتجاج کا مقصد تو بتائیں کہ وہ ملک میں کیا انتشارپھیلانا چاہتے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ “آخری گیند” کی طرح بانی پی ٹی آئی عمران خان نے” آخری کال” کا اعلان کرکے ثابت کردیا ہے کہ عمران خان انتشار چاہتے ہیں، اپنی رہائی کیلئے کارکنوں کو سیاسی ایندھن بنا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ایک انسان کی رہائی کے خاطر اپنے کارکنان کی زندگیوں کو دائو پر نا لگائیں اور کارکنان کو سر پر کفن باندھ کر نکلے کا حکم دینا کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین کو پھانسی دی گئی، قتل کیا گیا لیکن پارٹی کی قیادت نے کبھی کارکنان کو سر پر کفن باندھ کر احتجاج کیلئے نکلنے کانہیں کہا۔ انہوں نے یہ احتجاج نہیں بلکہ انتشار اور اشتعال انگیزی قرار دیکر سخت مذمت کی اور کہا کہ خدارہ لوگوں کے معصوم بچوں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال نہ کریں۔