پی ٹی آئی کا قافلہ ڈی چوک کے قریب چائنہ چوک پہنچ گیا۔ چائنہ چوک میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری اور دونوں جانب سے شیلنگ کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا۔
اسلام آباد میں انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کیے گئے ہیں اور بلیوایریا کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی چوک سے میڈیا کی گاڑیاں بھی نکال دی گئیں ہیں جبکہ فوج کے دستوں نے ڈی چوک میں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ وزیر داخلہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آئی جی اسلام آباد کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ریڈزون کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سنگجانی جانے کیلئے راستہ مانگا تھا۔ ہم کسی طور پر بھی جانی نقصان نہیں چاہتے۔ پولیس کے اختیارات دیدیے ہیں کہ وہ صورتحال کے مطابق مظاہرین سے نمٹیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ آئی جی کو کہا ہے جیسے چاہیں مظاہرین کیساتھ نمٹیں۔ ریڈزون کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے گولی کا جواب گولی سے دینا انتہائی آسان ہے۔ حکومت جانی نقصان سے بچنا چاہتی ہے۔ صرف خیبرپختونخوا سے لوگ آئے ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملے کیے۔ 4رینجرز اہلکاراور 2پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ درجنوں اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔پی ٹی آئی کی خفیہ لیڈرشپ سارے فیصلے کر رہی ہے۔