پاکستان ریلوے نے گرین لائن کو سوا تمام ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں میں سفر کرنے والے معذور افراد کے لیے ریل کرایوں میں 50 فیصد رعایت متعارف کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے یہ رعایت معذوری کے لوگو کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل لوگوں کو پیش کی گئی ہے۔ وزارت ریلوے کے حکام نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ رعایت بصارت سے محروم مسافروں کے ساتھ آنے والوں لوگوں کو بھی حاصل ہو گی۔
مزید برآں، ریلوے نے بڑے اسٹیشنز پر معذور اگراد کی مدد کے لیے کئی انتظامات کیے ہیں۔ وہیل چیئر تمام بڑے اسٹیشنوں پر دستیاب ہیں، اور ریزرویشن دفاتر میں ان کے لیے خصوصی ریزرویشن اور بکنگ کاؤنٹر مقرر کیے گئے ہیں۔
منتخب بڑے اسٹیشنوں پر ایگزیکٹیو واش رومز اور ریسٹ رومز تک مفت رسائی فراہم کی جارہی ہے، اس کیساتھ ساتھ ملک کے 12 بڑے اسٹیشنزپر مستقبل قریب میں معذور افراد کے لیے وقف ایگزیکٹیو واش رومز ہوں گے۔ ریلوے حکام نے مزید کہا کہ ان سہولیات کا مقصد ان کے لیے ریلوے خدمات کی سہولت اور رسائی کو یقینی بنانا ہے ۔
فی الحال، پاکستان ریلویز 1,180 قابل سروس کوچز کے ساتھ روزانہ 98 ٹرینیں چلاتا ہے۔ تاہم، محکمہ کی 72% مسافر کوچز اپنی معیاد سے تجاوز کر چکی ہیں، جن کی دیکھ بھال کے لیے اضافی وسائل کی ضرورت ہے۔