نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشیں ہوں گی، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس اسپیل کے تحت 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملک کے ساحلی علاقے بدین، سجاول اور تھرپارکر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ غیر معمولی بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے اضافے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ 4 سے 5 ستمبر کے دوران پنجند پر راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے جمع ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجند کے مقام پر شدید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور متعلقہ پی ڈی ایم ایز کو اس حوالے سے پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔