وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یورپی کمیشن اوریورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی، وزیر دفاع نے کہا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آ ئی اے اور ائیر بلیو کو تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت مل گئی، پی آئی اے پرپابندی کے خاتمہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بہت محنت کی، انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی پابندی ہٹ جائے گی۔
پابندی ختم ہونے کے بعد یورپی ایوی ایشن ایجنسی کا اجازت نامہ قومی ائیرلائن انتظامیہ کو موصول ہو گیا۔
قومی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق پابندی ختم ہونےکے بعد سب سے پہلے پیرس کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی اور پیرس کے لیے فلائٹ آپریشن چند ہفتوں میں شروع ہوجائے گا۔