پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اسلام آباد دھرنے کی ناکامی کے بعد سیاسی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے پی ٹی آئی کو ان کی جمہوری احتجاج کے حق سے محروم کرنے اور اسلام آباد دھرنے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے براہ راست پرامن احتجاج کرنے والے افراد پر مبینہ فائرنگ سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر پی ٹی آئی ، آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔ اور اس حوالے سے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو تمام سیاسی جماعتوں سے روابظ بڑھانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اس ضمن میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارت وال نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت پی ٹی آئی کو احتجاج کرنے یا جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دیتی تو پی ٹی آئی پختونخواکے پلیٹ فارم سے جلسہ کرسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی میں اختلافات ختم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ پارٹی کے سیاسی معاملات میں غیر سیاسی اشخاص فیصلہ نہیں کریں گے۔