سیکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 3 اہم جاسوس گرفتار

سیکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 3 اہم جاسوس گرفتار

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے، 3 جاسوس گرفتار، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سزائیں سنا دی گئیں، ملزمان کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر سے ہے۔

پیر کو پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف ایک انتہائی اہم اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘سے وابستہ 3 جاسوسوں کو گرفتار کر کے ان کا نیٹ ورک تباہ کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ملزمان اندرونی و بیرونی خطرات سے نبرد آزما اداروں کی مسلسل نگرانی کے نتیجے میں پکڑے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ : ٹارگٹ کلنگ میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی را کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق نارووال، بہاولپور اور ضلع نیلم (آزاد کشمیر) سے ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے ان ملزمان کو پھنسانے کے لیے ’ہنی ٹریپ‘ کا طریقہ کار استعمال کیا۔

ملزمان کو سوشل میڈیا ایپس پر خواتین کے ناموں سے بنے اکاؤنٹس کے ذریعے دوستی کا جھانسا دیا گیا اور پھر رقم کی لالچ دے کر ان سے حساس معلومات حاصل کی گئیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ان جاسوسوں کو رقم کی منتقلی کے لیے جدید اور روایتی دونوں طریقے استعمال کیے گئے۔ ملزمان کو ایزی پیسہ، بینک اکاؤنٹس اور کرپٹو والٹس کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔

گرفتار افراد نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے ’را‘ سے منسلک خواتین ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان کے کہنے پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات چلا کر انہیں جرم ثابت ہونے پر سخت سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

پاکستان کے خلاف بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی جانب سے سائبر اسپیس اور سوشل میڈیا کا استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے۔ حالیہ برسوں میں بھارت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستانی شہریوں، خاص طور پر حساس علاقوں میں رہنے والے افراد کو ورغلانے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کیا ہے۔

’ہنی ٹریپ‘ کا یہ طریقہ کار جس میں جعلی خواتین پروفائلز کے ذریعے معلومات تک رسائی حاصل کی جاتی ہے، عالمی سطح پر جاسوسی کا ایک قدیم حربہ ہے جسے اب جدید ٹیکنالوجی (کرپٹو اور ایزی پیسہ) کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کی یہ حالیہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے دشمن کے ڈیجیٹل حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا ہے۔

ماضی میں بھی کلبھوشن یادیو جیسے اہم کرداروں کی گرفتاری نے عالمی سطح پر بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا تھا۔ تازہ ترین گرفتاریاں اس امر کی تائید کرتی ہیں کہ بھارت سرحدوں کے ساتھ ساتھ اب سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی شکست خوردہ ہے اور پاکستانی ادارے ان تمام خطرات کو کچلنے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

Related Articles