خیبر پختونخوا حکومت نے نوجوانوں کو ہنرمند اور باروزگار بنانے، جدید فنی تربیت اور روزگار فراہم کرنے کیلئے چار اہم پروگراموں کا اجراء کردیا۔
احساس ہنر پروگرام کے تحت ہنرمند نوجوانوں کوکاروبار کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔
صوبے کے 35 ہزار سے زائد ہنر مند نوجوان پروگرام سے مستفید ہوں گے جبکہ خودروزگاری کے فروغ کیلئے 42 ہزار ہنر مند نوجوانوں کوفی کس اوسطاً 300 ڈالر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں خیبرپختونخوا ٹیوٹا کے زیر انتظام احساس ہنر پروگرام اور دیگر اسکیموں کے اجراء کی تقریب میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
4 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے احساس ہنر پروگرام پراخوت مائیکرو فنانس کے ذریعے عملدرآمد کیا جائے گا،رواں مالی سال کے بجٹ میں اس پروگرام کے لئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ہنر مند نوجوانوں کوکاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے تک بلاسودقرضے فراہم کئے جائیں گے۔