وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل امریکی وفد ایران سے مذاکرات کے لئے کل صبح پاکستان روانہ ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران امریکی وفد کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوں گے۔ ان کے مطابق ایران نے خود اس حوالے سے رابطہ کیا اور بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس امریکا میں موجود رہ کر صورتحال پر نظر رکھیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر دیگر حکام کو بھی پاکستان روانگی کے لیے اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک اہم سفارتی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دونوں نمائندے پاکستان میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ امن مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق یہ مذاکرات اس ہفتے کے آخر میں متوقع ہیں اور انہیں خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے سی این این نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ اقدام ایران سے متعلق جاری سفارتی تعطل کو ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔