یورپی ملک کروشیا میں ایک ایسا منفرد گھر موجود ہے جو اپنی حیرت انگیز تعمیر اور دلچسپ تاریخ کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
کروشیا کے قصبے بول میں واقع ’ہاؤس اِن اے ہاؤس‘‘ ’ یا ’’پا لوک‘‘ کے نام سے مشہور یہ عمارت ایک بڑے ادھورے محل کے اندر قائم ہے۔ پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ایک چھوٹا سا گھر محل کی دیواروں کے درمیان قید ہو۔
مقامی روایات کے مطابق 19ویں صدی کے آخر میں ایک امیر سمندری تاجر وُکووِچ نے اس مقام پر ایک شاندار محل تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لیے اس نے اردگرد کی تقریباً تمام زمینیں خرید لیں، لیکن ایک مقامی شہری مارکو ’سیلا‘ نے اپنا گھر فروخت کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
کہا جاتا ہے کہ جب مالک مکان اپنے فیصلے پر قائم رہا تو محل کی تعمیر اسی گھر کے گرد شروع کر دی گئی، تاکہ محدود جگہ کی وجہ سے وہ بالآخر اپنا گھر فروخت کرنے پر آمادہ ہو جائے۔
تاہم مارکو نے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا اور گھر خالی کرنے سے انکار کر دیا۔ نتیجتاً یہ چھوٹا سا گھر آج بھی ادھورے محل کے اندر موجود ہے اور اسے عزم، استقلال اور اپنے حق پر ڈٹے رہنے کی ایک منفرد علامت سمجھا جاتا ہے۔
آج یہ عجیب و منفرد عمارت کروشیا کی دلچسپ سیاحتی مقامات میں شمار ہوتی ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے سیاح اس غیر معمولی تعمیر کو دیکھنے پہنچتے ہیں۔