پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر کی اسپتال سے شیئر کی گئی ایک تصویر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا، تاہم گلوکار نے بعد ازاں اپنی صحت کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے پریشانی دور کر دی۔
عاصم اظہر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک سیلفی شیئر کی، جس میں انہیں نیبولائزر ماسک پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن ’’ویلکم بیک‘‘ لکھا، جس کے بعد مداح ان کی طبیعت کے حوالے سے فکرمند ہو گئے۔
مداحوں کی تشویش بڑھنے پر گلوکار نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت کی کہ انہیں کوئی سنگین طبی مسئلہ درپیش نہیں، بلکہ وہ گلے اور ٹانسلز کے انفیکشن سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
عاصم اظہر نے لکھا، ’’اوکے، معذرت، میرا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں تھا، بس ٹانسلز کا انفیکشن ہوا ہے۔‘‘انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا، ’’ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں بیٹا بہت گھوم لیا، اب ذرا گھر بیٹھو۔‘‘
گلوکار نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نئے گانوں کو ملنے والی محبت نے پہلے ہی انہیں بہتر محسوس کروانا شروع کر دیا ہے۔عاصم اظہر نے حال ہی میں ریلیز ہونے والے اپنے گانوں ’’آرزو‘‘ اور ’’تو ہے وہی‘‘ کو پسند کرنے پر مداحوں سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔