مدارس کی رجسٹریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ حکومت ہے، مولانا فضل الرحمان

مدارس کی رجسٹریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ حکومت ہے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل ایک ماہ سے زائد عرصہ جاری رہا، جس میں تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں شامل تھیں۔ سیاست میں مذاکرات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فریقین ایک دوسرے کو دلائل سے سمجھاتے ہیں اور آخرکار مسئلہ کسی حل تک پہنچتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے حالیہ سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ مدارس کے اکاؤنٹس کھل سکے، نہ ویزے لگ سکے، اور اس کے بعد بیس پچیس بورڈز بنائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن سے قبل وزیر اعظم سے بات کی اور چھبیسویں آئین میں جو بل پاس ہوا، اس میں وزارت تعلیم کا کوئی تذکرہ نہیں تھا، مگر ہم نے اس بل کو قبول کیا اور پاس ہونے دیا۔

انہوں نے ایوان صدر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ جب بل پاس ہوا، تو اعجاز جاکھرانی صاحب نے ایوان صدر آنے کی دعوت دی، تاہم آدھے گھنٹے بعد پروگرام ملتوی کردیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدر مملکت نے اعتراض کیا تھا، جس پر سپیکر نے آرٹیکل 75 کا تذکرہ کیا اور اس کے بعد صدر نے کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کو ایک بار اعتراض کا حق حاصل ہے اور اگر صدر دس دن کے اندر دستخط نہیں کرتے تو بل خود بخود ایکٹ بن جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر دوبارہ مشترکہ اجلاس بلایا گیا تو یہ آئینی خلاف ورزی ہوگی اور ایوان صدر سے شکایت کی کہ یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر قانون پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بھی تاویل نکال لیتے ہیں، لیکن ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا۔

آئی ایم ایف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ آئی ایم ایف اور دیگر معاونت چھوڑ دیں گے، تو سوال یہ اٹھایا کہ کیا ہم آزاد قوم نہیں ہیں؟ اگر ہم آزاد نہیں ہیں تو ہمیں سب کچھ چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کانگریس کا ایک رکن بانی پی ٹی آئی کے حق میں قرارداد پیش کرتا ہے، تو اس کے جواب میں یہاں بھی قرارداد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان میں کسی کی مداخلت نہیں کی جا سکتی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *