پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ضم علاقوں کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے،جس میں اے آئی پی (ایڈوانسڈ انڈسٹریل پلان) کے تحت 8.46 ارب روپے فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کے سبب ضم اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ مشیر خزانہ نے مزید بتایا کہ حکومت نے رواں سال کے لیے 42.315 ارب روپے مختص کیے ہیں، لیکن اب تک صرف 15 فیصد فنڈز پہلے کوارٹر میں جاری کیے گئے ہیں
خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ دوسرے کوارٹر کے اختتام کے قریب پہنچنے کے باوجود، پالیسی کے مطابق 20 فیصد فنڈز ابھی تک جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ اس طرح 25 فیصد تیسرے اور 40 فیصد چوتھے کوارٹر میں جاری کیے جانے ہیں۔
وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ دوسرے کوارٹر کے اختتام پر فنڈز کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ نہ آئے۔