سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان سے مذاکرات کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ وہ عوام میں سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں اور ان کی جماعت نے سب سے زیادہ نشستیں جیتی ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے مسائل جیسے بجلی اور گیس کے بلوں کے بارے میں حل تلاش کیا جا سکےکیونکہ یہ مسائل عوام میں شدید پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی پیشرفت میں اسپیکر ایاز صادق کا مثبت کردار رہا ہے۔ ایاز صادق کا دفتر ہمیشہ کھلا رہا ہے اور مذاکرات سے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی پریشانیوں میں کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکمت عملی ایسی رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت اور مقتدرہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور جب تک مقتدرہ اور حکومت کے تعلقات میں دراڑ نہیں آتی، پی ٹی آئی کو مثبت نتائج نہیں ملیں گے۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک ڈیڑھ سال کے لیے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی باتوں کے دوران کم از کم احتجاج اور مارا ماری نہیں ہو گی، مذاکرات کا ہونا اچھی بات ہے، مذاکرات ہونے چاہئیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ تمام معاملے کا حل صرف انتخابات ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مولانا فضل الرحمان کے قد کے سیاستدان بہت کم ہیں، مولانا صاحب ایک ڈیڑھ سال کیلئے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی ہے،اسٹاک مارکیٹ اس سے بھی اوپر جائے گی اور اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔