آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔
یو اے ای میں صرف بھارت کے میچز منعقد ہوں گے۔ بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں وہ دبئی میں ہوں گے اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچتا تو فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تو پھر سیمی فائنل اور فائنل پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے، جو پاکستان اور دبئی میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان میں راولپنڈی، لاہور اور کراچی تین میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیے گئے ہیں، جہاں ہر وینیو پر تین گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔ لاہور دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا اور فائنل بھی لاہور میں ہوگا، لیکن اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
بھارت کے تین گروپ میچز اور پہلا سیمی فائنل دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔
ٹیموں کو گروپ اے اور گروپ بی میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، افغانستان اور انگلینڈ شامل ہیں۔
ایونٹ کا پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ بیس فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اکیس فروری کو تیسرے میچ میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کراچی میں آمنے سامنے ہوں گے، 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ پنجہ آزمائی کریں گے، 23 فروری کو ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
24 فروری کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں مقابلہ ہو گا، راولپنڈی میں ہی 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کریں گے۔
چھبیس فروری کو افغانستان کا مقابلہ انگلینڈ سے لاہور میں ہو گا، ستائیس فروری کو پاکستان بنگلہ دیش سے راولپنڈی میں ٹکرائے گا، اٹھائیس فروری کو لاہور میں افغانستان آسٹریلیا کا سامنا کرے گا۔
یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کراچی میں آمنے سامنے ہوں گے، 2 مارچ کو نیوزی لینڈ بھارت سے ٹکرائے گا۔ چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل چار مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا، دوسرا سیمی فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا فائنل نو مارچ کو کھیلا جائے گا اگر بھارت فائنل کے لئے کوالیفائی کرتا ہے تو فائنل دبئی میں ہو گا اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچتا تو فائنل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔