چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہ کن سیلاب، مکانات، فصلیں، پل اور گاڑیاں بہہ گئیں، وادی تھور کا زمینی رابطہ منقطع

چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہ کن سیلاب، مکانات، فصلیں، پل اور گاڑیاں بہہ گئیں، وادی تھور کا زمینی رابطہ منقطع

گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں وادی تھور کے مختلف حصوں میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ 

سیلاب کے باعث شہریوں کے مکانات، باغات، فصلیں، رابطہ پل اور گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، جبکہ مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔

چلاس پولیس کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے سیلاب نے وادی تھور میں شدید نقصان پہنچایا۔ سیلابی پانی واپڈا کالونی میں داخل ہوگیا جس سے کالونی اور سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

پولیس نے بتایا کہ وادی تھور جانے والی سڑک مختلف مقامات پر سیلاب کے باعث بند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کا زور ٹوٹنے کو تیار! محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

سیلاب سے متاثرہ افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ریلیف آپریشن شروع کیا جائے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اے ڈی ڈیزاسٹر منیجمنٹ دیامر امتیاز احمد کے مطابق چلاس کی سیلاب سے متاثرہ وادی میں ریلیف آپریشن شروع کرنے اور بند سڑک کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم سڑک بند ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں اور ریلیف آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Related Articles