وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر مہمند اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ن کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے خارجی عناصر کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا جس کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے جو سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور جرات کا واضح ثبوت ہے۔ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان کا ہر جوان وطن کے دفاع کے لیے دن رات مصروف عمل ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے ناقابل فراموش ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی دو کوششیں ناکام بناتے ہوئے 13 خوارج کوواصل جہنم کیا تھا ،آئی ایس پی آر کے مطابق، ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 8 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت ٹریس کر لیا اور ان کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔