وفاقی وزراء نے معرکۂ حق کے کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس شہید کے گھر جا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر موجود تھے۔
وفد کے ارکان نے بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے سات سالہ ارتضیٰ عباس کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔ شہید کی قربانی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور اس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ارتضیٰ عباس کی شہادت کے وقت ان کے والد، لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس لائن آف کنٹرول پر دشمن کے خلاف نبرد آزما تھے۔ کمسن بیٹے کی شہادت کے باوجود، لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس نے اپنے فرض کی ادائیگی میں محاذ جنگ پر دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ وفاقی وزیروں نے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے عزم اور حوصلے کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکۂ حق میں جرات کا نشان کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس کی شہادت نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، اور یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مصدق ملک نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں سے قوم کے حوصلے مزید مضبوط ہوئے ہیں اور وہ عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ صبر و استقامت کی علامت ہیں اور قوم ان کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔