سابق امریکی انٹیلیجنس چیف اور خارجہ پالیسی کے ماہر رچرڈ گرینل جو عمران خان کی رہائی سے متعلق متعدد بار ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹس کر چکے ہیں، پی ٹی آئی کے حامیوں کے مسلسل مطالبات سے تنگ آگئے۔
حالیہ دنوں رچرڈ گرینل نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں کیلیفورنیا کے جنگلات میں ہونے والی تباہ کن آتشزدگی کے مناظر دکھائے گئے تھے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کیلیفورنیا کی ڈیموکریٹک قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ناقص پالیسیوں نے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔ رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو ایسے سیاستدانوں کی حمایت بند کر دینی چاہیے جو پانی اور جنگلات کی پالیسیوں میں دانشمندانہ فیصلے کرنے میں ناکام ہیں۔
گرینل کی اس پوسٹ پر پی ٹی آئی کے ایک حامی محمد نواز خان نے تبصرہ کرتے ہوئے انہیں غصہ نہ کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی عمران خان کی رہائی کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کی یاد دہانی کرائی۔ اس پر رچرڈ گرینل برہم ہو گئے اور جواب دیا، “تم جنوبی کیلیفورنیا میں نہیں رہتے، اس لیے دفعہ ہو جاؤ!”۔
گرینل کے سخت جواب کے بعد مذکورہ صارف نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔ یاد رہے کہ رچرڈ گرینل، جنہیں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی مشنز کے صدارتی ایلچی مقرر کیا ہے، ماضی میں عمران خان کی رہائی کے حق میں کئی ٹوئٹس کر چکے ہیں، تاہم مسلسل مطالبات نے انہیں شدید تنقید نے پریشان کر دیا۔