پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے مسئلے کے حل کے لیے عالمی سطح پر تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت ایاز کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایلون مسک سمیت دیگر عالمی ماہرین اور کمپنیوں سے رابطہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ شفقت ایاز نے کہا کہ صوبے میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی وجہ سے آئی ٹی سیکٹر شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کے مسائل کی اصل وجوہات اب تک واضح نہیں ہو سکیں، تاہم صوبائی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی بڑی شخصیات اور کمپنیوں سے رابطے کے علاوہ مقامی سطح پر بھی آئی ٹی کے ماہرین کے ساتھ مشاورت کی جائے گی تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے سے نہ صرف آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ دیگر شعبوں میں بھی جدت آئے گی۔
یہ فیصلہ خیبرپختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل ترقی کے عزم کا حصہ ہے، اور ایلون مسک جیسے عالمی ماہرین سے رابطہ اس عزم کو عملی شکل دینے کی ایک کوشش ہے۔