نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے قومی شناختی کارڈ کی معیاد ختم ہو چکی ہے یا ختم ہونے کے قریب ہے، تو وہ فوری طور پر اس کی تجدید کرائیں تاکہ روزمرہ کے امور میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
نادرا نے عوام کی سہولت کے لیے جدید طریقے متعارف کروائے ہیں جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے یا قریبی نادرا سینٹر جا کر آسانی سے شناختی کارڈ کی تجدید کر سکتے ہیں۔ شہری شناختی کارڈ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے نادرا کی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے تجدید کروا سکتے ہیں یا قریبی نادرا دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
اگر شناختی کارڈ کی معیاد ختم ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہو تو تجدید کی سہولت صرف نادرا کے دفاتر میں دستیاب ہوگی۔ معیاد ختم ہونے والے شناختی کارڈ کے حامل افراد کو موبائل سم کی تصدیق یا حصول ، پاسپورٹ کی درخواست میں رکاوٹ، بینک اکاؤنٹ کھلوانے سمیت دیگر قانونی اور سفری امور میں مشکلات درپیش آسکتی ہیں ۔
نادرا نے موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تجدید کو انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے نہ صرف درخواست جمع کی جا سکتی ہے بلکہ دیگر مراحل بھی گھر بیٹھے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
مزید رہنمائی کے لیے نادرا کی آفیشل ویب سائٹ [www.nadra.gov.pk](http://www.nadra.gov.pk) وزٹ کریں یا نادرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کریں۔ کسی بھی سوال کے لیے نادرا ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کریں۔