پیٹرولیم مہنگائی کا اثر، موبائل فون مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں،خریدار غائب

پیٹرولیم مہنگائی کا اثر، موبائل فون مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں،خریدار غائب

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات اب مختلف شعبوں کی طرح موبائل فون مارکیٹ پر بھی واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں، جہاں متعدد کمپنیوں نے اپنے موبائل فونز کی قیمتوں میں تین سے پانچ ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے اس اچانک اضافے نے نہ صرف خریداروں کی قوتِ خرید کو متاثر کیا ہے بلکہ مارکیٹ کی مجموعی سرگرمیوں میں بھی نمایاں سست روی پیدا کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون تیار کرنے والی کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ پیداواری لاگت میں اضافہ قرار دیا ہے، جس میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے باعث نقل و حمل اور سپلائی کے اخراجات شامل ہیں۔

اس کے نتیجے میں ڈیلرز اور ریٹیلرز کو بھی نئی قیمتوں کے مطابق کاروبار کرنا پڑ رہا ہے، تاہم خریداروں کی جانب سے ردعمل توقع سے کمزور رہا ہے،دکانداروں کا کہنا ہے کہ جہاں پہلے روزانہ10 سے 12 موبائل فونز کی فروخت معمول تھی، اب صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے اور گاہک خریداری سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگے موبائل فون پیکجز سے پریشان صارفین کو پی ٹی اے نے بڑی خوشخبری سنادی

شہریوں کی بڑی تعداد قیمتوں میں اضافے کے باعث نئی خریداری کو موخر کر رہی ہے یا کم قیمت متبادل تلاش کر رہی ہے، جس سے مارکیٹ کا حجم سکڑتا جا رہا ہے،موبائل فونز کے ساتھ استعمال ہونے والی اشیاء بھی مہنگائی کی زد میں آ چکی ہیں، ہینڈ فری، موبائل کور، اسکرین محافظ اور دیگر لوازمات کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے صارفین پر مجموعی مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

تاجر برادری کا مؤق ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست کاروباری اخراجات کو بڑھاتا ہے، جس کا اثر لازمی طور پر صارفین تک منتقل ہوتا ہے،دوسری جانب عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لا کر مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جائے، تاکہ عام آدمی کو کچھ ریلیف مل سکے اور مارکیٹ میں دوبارہ سرگرمی بحال ہو سکے۔

editor

Related Articles