پاکستان میں تعمیراتی شعبے سے جڑی اہم شے سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی تفصیلات پاکستان بیورو برائے شماریات کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی مگر مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت گزشتہ ہفتے 1521 روپے ریکارڈ کی گئی، جو اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 5 روپے کم ہے، اس سے قبل اسی خطے میں فی بوری اوسط قیمت 1526 روپے تھی، اس طرح قیمتوں میں کمی کا تناسب 0.33 فیصد کے قریب رہا۔
اسی طرح جنوبی شہروں اور علاقوں میں بھی سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1537 روپے ریکارڈ کی گئی، جو پچھلے ہفتے کے 1540 روپے کے مقابلے میں 3 روپے کم ہے، اس کمی کا تناسب تقریباً 0.16 فیصد بنتا ہے۔
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس سے قبل بھی ایک ہفتے کے دوران شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس میں فی بوری اوسط قیمت میں دو روپے کی کمی سامنے آئی تھی،اس تسلسل سے اندازہ ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں قیمتیں اگرچہ زیادہ بڑی کمی کی جانب نہیں جا رہیں، تاہم بتدریج نیچے آنے کا رجحان موجود ہے۔
سیمنٹ کی قیمتوں میں اس نوعیت کی کمی کا تعلق طلب و رسد، تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار، پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں اتار چڑھاؤ سے ہوتا ہے، بعض اوقات تعمیراتی منصوبوں میں سست روی بھی طلب میں کمی کا سبب بنتی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں پر دباؤ کم ہو جاتا ہے۔
مجموعی طور پر یہ رجحان تعمیراتی شعبے سے وابستہ صارفین کے لیے نسبتاً مثبت سمجھا جا رہا ہے، تاہم قیمتوں میں یہ معمولی کمی ابھی بڑے پیمانے پر تبدیلی کی نشاندہی نہیں کرتی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتوں میں بھی صورتحال کا انحصار ملکی معاشی حالات اور تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار پر ہوگا۔