پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزیر پیٹرولیم کا بڑا بیان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزیر پیٹرولیم کا بڑا بیان

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں پیٹرول مہنگا ہونے کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق مقرر کی جاتی ہیں۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت سعودی آرامکو کے خام تیل کے نرخوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کے مطابق طے کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت مقرر کرنے کے لیے عالمی منڈی میں پیٹرول کے روزانہ نرخوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق رواں ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل سے زائد رہی، جبکہ جنگ سے قبل 27 فروری 2026 کو یہ قیمت 76 ڈالر فی بیرل تھی۔ اس طرح جنگ سے پہلے کے مقابلے میں عالمی منڈی میں پیٹرول تقریباً 12 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نقشے پر کشمیر کو پاکستان کا حصہ دیکھانے پر بھارتی حکام کا اعتراض، بنگلہ دیشی سفارتکار نے کلاس لے لی

علی پرویز ملک نے کہا کہ بیرون ملک سے پیٹرول درآمد کرنے پر کرایہ، انشورنس اور دیگر اخراجات بھی ادا کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنی ضرورت کا تقریباً 70 فیصد پیٹرول بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے مقامی قیمتوں کو سمجھنے کے لیے خام تیل کے بجائے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کو دیکھنا ضروری ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی اور کاربن سپورٹ لیوی ملا کر 85 روپے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیویز حکومت کی مقررہ وصولیاں ہیں، جو عالمی کمٹمنٹس کے مطابق نافذ ہیں۔ ان کے مطابق جنگ سے قبل 27 فروری 2026 کو دونوں لیویز ملا کر 86 روپے 90 پیسے فی لیٹر تھیں، اس لیے موجودہ لیویز جنگ سے پہلے کے مقابلے میں بڑھی نہیں بلکہ تقریباً 2 روپے فی لیٹر کم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت عالمی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی اوسط کے مطابق مقرر کی جاتی ہے، اس لیے صرف ایک دن یا خام تیل کی کسی ایک قیمت کو دیکھ کر پیٹرول کی قیمت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ممتاز کارٹونسٹ اور ماہرِ اسلامی فنِ تعمیر انتقال کر گئے

علی پرویز ملک نے کہا کہ جب عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوگا تو اس کا پورا فائدہ پاکستان میں صارفین کو بھی منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے عزم پر قائم ہے اور حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت جان بوجھ کر پیٹرول مہنگا کرتی ہے۔

Related Articles